نئی دہلی،4/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ابھی عام آدمی پارٹی کے مچا گھمسان تھما بھی نہیں تھا اور اس دوران اروند کیجریوال پر ایک اور مصیبت آ گئی ہے۔سی بی آئی نے دہلی سکریٹریٹ میں واقع وزیر صحت ستیندر جین کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے۔ان کا دفتر دہلی سکریٹریٹ کی 9ویں منزل پر واقع ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ سی بی آئی کا یہ چھاپہ ستیندر جین پر درج ہوئے تازہ معاملے کو لے کر ہے، اس میں وزیر پر غلط طریقے سے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیوڈی)میں 18ماہرین کی تقرری کا الزام ہے۔وزیر صحت پر الزام ہے کہ انہوں نے پی ڈبلیو ڈی محکمہ میں ماہرین ہوتے ہوئے بھی 18افراد کی نجی طور پر تقرری کی ہے۔الزام ہے کہ وزیر جین نے 18ماہرین کی ایک تخلیقی ٹیم بنائی تھی، جو کچھ ماہ تک ہی چل سکی، اس ٹیم پر 60لاکھ سے زائد کی رقم تنخواہ وغیرہ پر خرچ کی گئی۔کچھ وقت پہلے لیفٹیننٹ گورنر نے اسے تحلیل کر دیا تھا۔انہوں نے اس معاملے کو جانچ کے لیے سی بی آئی کے حوالے کر دیا تھا۔غورطلب ہے کہ ایم سی ڈ ی الیکشن سے عین قبل سی بی آئی نے دہلی کے وزیرصحت ستیندر جین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بھی ایف آئی آر درج کر لی تھی۔ستیندر جین پر حوالہ کاروباریوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کا بھی الزام ہے اور وہ منی لانڈرنگ میں بھی ملوث پائے گئے تھے۔